اسلام آبادمیں الیکٹرک ٹرام منصوبے کے حوالے سےبڑی پیشرفت

اسلام آبادمیں الیکٹرک ٹرام منصوبے کے حوالے سےبڑی پیشرفت ،وفاقی دارالحکومت میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ ،منصوبے کے تحت ٹرام کیلئے ڈپو، پارکنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مرمت کی سہولیات شامل ہوں گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ماحول دوست نظام کے فروغ کیلئے الیکٹرک ٹرام اور ای بس منصوبے زیر غور آئے۔ الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بسوں کے منصوبے کے عملی نفاذ اور انفراسٹرکچر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کو جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کے مطابق نافذ العمل بنایا جائےگا،الیکٹرک ٹرام منصوبہ مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار اور ماحول دوست ہوگا،منصوبے کو جدید ٹرانزٹ سسٹم سے مربوط کیا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنایا جائے، ماحول دوست منصوبے میں کاربن کریڈٹ کے حصول کو پلاننگ فیز میں یقینی بنایا جائے۔الیکٹرک ٹرام کو اسلام آباد کے اہم مقامات سے منسلک کرنے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ،اجلاس میں بتایا گیا کہ شہریوں کو ماحول دوست سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔















