تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

تعلیم کو جدیدیت سے ہم آہنگ کرنے کا سلسلہ، پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات پنجاب مزمل محمود کا کہنا ہےکہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا عمل متعارف کروایا جا رہا ہے، تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے، اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ 2026 میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر امتحانات سے شروع کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز میں ڈیجیٹل حاضری کا نظام نصب کیا جائے گا اور تمام طلبا کی حاضری بائیو میٹرک کے ذریعے لی جائے گی، نیز ڈیجیٹل اصلاحات کا یہ منصوبہ آئندہ 3 برس میں مرحلہ وار مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔ امتحانی نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے تمام تعلیمی بورڈز کیلئے یکساں سوالات پر مشتمل مرکزی سوالیہ بینک بھی قائم کیا جائے گا، جس سے امتحانی معیار میں بہتری اور یکسانیت پیدا ہو گی۔
ان اصلاحات کا مقصد نقل اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ، امتحانی عمل میں شفافیت اور طلبا کو ایک منصفانہ نظام فراہم کرنا ہے۔















