
مولانا فضل الرحمٰن نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ ملاقات میں نیا میثاقِ جمہوریت پیش کر دیا، جس پر پی ٹی آئی نے اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے وفد کے ہمراہ سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، آئینی و جمہوری امور اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوامی حاکمیت اور جمہوری اصولوں کے منافی قرار دیا گیا۔
شرکاء نے پی ٹی آئی کے گرفتار وزیراعلیٰ، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور اراکینِ قومی اسمبلی کی گرفتاریوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور سیاسی آزادیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی، جبکہ شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کے نئے میثاقِ جمہوریت کے مؤقف کی حمایت کی۔















