پاکستان سے دوستی بھارت کیلئے مسئلہ نہیں ہونی چاہیے، ترک وزیر خارجہ

0
105

 ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی تعلقات پر بھارت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے برادرانہ روابط کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں ایک بین الاقوامی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، سفارتی اور دوستانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور انہیں کسی منفی زاویے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں تو اسے بھارت کے لیے مسئلہ نہیں بننا چاہیے، کیونکہ دنیا کے متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ مثبت روابط رکھتے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر استوار ہوتے ہیں، اس لیے کسی ملک کے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات پر اعتراض مناسب طرز عمل نہیں۔

رپورٹس کے مطابق ترکیہ اور پاکستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، جبکہ مختلف بین الاقوامی امور پر بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق حاقان فیدان کے بیان نے ایک بار پھر اس مؤقف کو اجاگر کیا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔

Leave a reply