
وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور عوام کو ریلیف دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
وزیر اعظم کے مطابق حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کی کوشش کی ہے اور معاشی استحکام برقرار رکھنے کے ساتھ مہنگائی میں مزید کمی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران کفایت شعاری اپنائی گئی اور ریلیف کے لیے محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ترقیاتی بجٹ اور دیگر بچت اقدامات کے ذریعے 129 ارب روپے کے وسائل مؤثر طور پر استعمال کیے گئے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری ٹیم نے اس عمل میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور پوری حکومتی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر حکمت عملی کے باعث ملک میں توانائی بحران پیدا نہیں ہوا اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی کمی یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی، جس پر وہ تمام وزرائے اعلیٰ کے بھی شکر گزار ہیں۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
سائنس/فیچر

پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔














