حکومتی کمیٹی نے 10روپے کے نوٹ کی مخالفت،سکے کی حمایت کردی

حکومتی کمیٹی نے10روپےکےنوٹ کی مخالفت اورسکےکی حمایت کردی۔
وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم اعلی سطحی کمیٹی نے کرنسی مینجمنٹ رپورٹ کابینہ کو ارسال کردی۔ یہ کرنسی مینجمنٹ رپورٹ اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن قوانین کے تحت مرتب کی گئی ہے۔
آئی سی ایم اے رپورٹ کے مطابق 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی اوسط عمر صرف 6 سے 9 ماہ ہے جبکہ 10 روپے کے سکے کی اوسط عمر 20 سے 30 سال ہوتی ہے۔ملک میں ہر سال چھپنے والے مجموعی نوٹوں کا تقریبا 35 فیصد حصہ 10روپے کے نوٹ پر مشتمل ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرنے سے 10سال میں کم از کم 40 سے 50ارب روپے کی بچت ہوگی، کیوں کہ 10روپے کے نوٹ کی چھپائی، تبدیلی اور انتظامی اخراجات کا تخمینہ 8 سے 10 ارب روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق سکہ تیار کرنے کی لاگت زیادہ مگر دہائیوں تک دوبارہ تیار کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔















