حکومت کا جائیداد کے ریکارڈ کو جدید ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ

0
5

لاہور: حکومتِ پنجاب نے جائیداد کی ملکیت اور قبضے کی قانونی تصدیق کے لیے “پراپرٹی سرٹیفکیٹ” کا اجراء کر دیا ہے، جس کے لیے کسی قسم کی علیحدہ فیس یا اضافی ٹیکس مقرر نہیں کیا گیا۔

یکم جولائی 2026 سے لاہور کی تمام ہاؤسنگ اسکیموں، بشمول نجی ہاؤسنگ اسکیموں میں، پراپرٹی سرٹیفکیٹ کو ملکیت کی واحد قانونی دستاویز کے طور پر تسلیم کیا جائے گا۔ یہ نظام جائیداد کے تنازعات کم کرنے اور ریکارڈ کو آن لائن تصدیق کے قابل بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

حکومت پنجاب نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض عناصر پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے نام پر غیر قانونی طور پر اضافی رقم وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ اس کی کوئی الگ فیس مقرر نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق شہری اپنی جائیداد کے حقوق کے تحفظ کے لیے صرف سرکاری پراپرٹی سرٹیفکیٹ حاصل کریں، جو ملکیت کی تصدیق اور ریکارڈ کی جانچ کا مستند ذریعہ ہے۔

یکم جولائی 2026 کے بعد کاغذی انتقالات اور روایتی ملکیتی دستاویزات کی جگہ ڈیجیٹل پراپرٹی سرٹیفکیٹ نظام نافذ ہوگا، جس سے جائیداد کے معاملات مزید شفاف اور محفوظ بنائے جائیں گے۔

حکام کے مطابق نادرا اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کی ملکیت اور شناخت کا ریکارڈ محفوظ کیا جائے گا، جس سے جعل سازی اور فراڈ کے امکانات کم ہوں گے۔

حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جائیداد کی خرید و فروخت کے دوران کسی بھی غیر ضروری فیس یا مشکوک مطالبے سے محتاط رہیں اور شکایات متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔

Leave a reply