بیٹے کوبیرون ملک پڑھنے کیلئے بھیجا، اُس نے وہاں برتن دھوئے،نسیم وکی نے بیٹے کی محنت کا قصہ سنا دیا

کامیڈین اور اداکار نسیم وکی نے اپنے بیٹے کی بیرون ملک تعلیم اور محنت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو پڑھنے کے لیے بیرون ملک بھیجا، جہاں اس نے تعلیم کے ساتھ نوکری بھی کی۔
نسیم وکی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے وہاں برتن بھی دھوئے اور محنت مزدوری کی، حتیٰ کہ کام کے دوران اس کا بازو چار مرتبہ جل چکا ہے۔ ان کے مطابق بیٹے نے بیرون ملک رہتے ہوئے تنگی اور مشکلات بھی دیکھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کبھی ان کی اہلیہ نے بیٹے سے کہا کہ اس بار پیسے نہیں بھیج سکتے تو اس نے کبھی اصرار نہیں کیا بلکہ اپنی محنت جاری رکھی۔
نسیم وکی نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہوئی کہ جب انہوں نے اپنے بیٹے کی پوسٹ شیئر کی تو بہت سے لوگوں نے کمنٹ کیا کہ ’’اس لڑکے نے یہ نہیں بتایا کہ میں کس کا بیٹا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بیٹے کی اپنی محنت اور صلاحیت کے ذریعے آگے بڑھنے کی کوشش ان کے لیے باعثِ خوشی اور فخر ہے۔














