’’ اب بھی وینزویلا کا صدر ہوں‘‘نکولس مادورو کا الزامات تسلیم کرنے سے انکار

0
10

’’مجھے اغواکیا گیا، میں اب بھی وینزویلا کا صدر ہوں‘‘۔ نکولس مادورو نے امریکی عدالت میں الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
مادورو اور ان کی اہلیہ کو بروکلن سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مین ہیٹن لایا گیا جہاں سے انہیں ایک بکتر بند گاڑی میں عدالت منتقل کیا گیا۔
امریکی میڈیا کےمطابق مادورو کو قیدیوں کا یونیفارم پہنائے اور ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
وفاقی عدالت کے جج ایلون ہیلرسٹین نے مادورو سے اپنی شناخت بتانے کو کہا تو انہوں نے ہسپانوی زبان میں عدالت کو بتایا کہ ’’سر میں جمہوریہ وینزویلا کا صدر نکولس مادورو ہوں اورمجھے 3 جنوری کو ’’ کاراکس‘‘ میں میرے گھر سے اغوا کر کے یہاں لایا گیا ہے ‘‘۔
جج نے مادورو کے خلاف الزامات پڑھ کر سنائے، جن میں منشیات اور دہشت گردی کے الزامات شامل تھے۔ تاہم 40 منٹ تک جاری رہنے والی سماعت کے دوران مادورو اور اُن کی اہلیہ نے منشیات اور ہتھیاروں سے متعلق تمام تر الزامات مسترد کردیئے۔
مادورو نے کہا میں بے گناہ اورایک مہذب انسان ہوں، یہاں جو بھی الزامات مجھ پر لگائے جارہے ہیں ان میں سے کسی کا بھی میں قصوروار نہیں ہوں ۔جج نے مقدمے کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے مادورو اور ان کی اہلیہ کو 17 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

Leave a reply