طلبا کی سکیورٹی: سکولوں کیلئے سیکڑوں چوکیداروں کی بھرتی کی منظوری

طلبا و طالبات کیلئے خوشخبری،خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے 28 اضلاع میں سرکاری سکولوں کیلئے 2800 چوکیداروں کی بھرتی کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے مطابق سکولوں میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کیلئے تقرریوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ تمام بھرتیاں اشتہار، مقابلے اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی، تاکہ اہل امیدواروں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔نئی بھرتیوں کا مقصد سکولوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانا اور تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ضلع مانسہرہ میں سب سے زیادہ 377 اسامیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ بنوں کیلئے 263، مردان 256، پشاور 162، لکی مروت 160 اور ایبٹ آباد کیلئے 154 چوکیداروں کی اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے مطابق دیگر اضلاع میں بھی آبادی اور تعلیمی اداروں کی تعداد کے تناسب سے اسامیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ بھرتی کا عمل جلد مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔















