
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ وہ آج رات ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے اور اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنوں کا ساتھ دیں۔
لاہور کے چیئرنگ کراس پر جماعت اسلامی کا دھرنا 12ویں روز بھی جاری ہے، جہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی ٹیکس ختم کیا جائے، ہمارا دھرنا جماعت اسلامی کے لیے نہیں بلکہ عام لوگوں اور 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر رہی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں 7 ڈالر کمی کے باوجود پاکستان میں قیمتیں بڑھائی گئیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پرامن احتجاج کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔















