عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے توہین عدالت کی فوری سماعت کی ایک اور درخواست دائر کر دی

0
3

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی سے متعلق کیس میں ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے توہینِ عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کے لیے ایک اور درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں طبیعت خراب ہو رہی ہے اور سپریم کورٹ کے حکم کے برعکس انہیں پمز ہسپتال لے جایا گیا، جبکہ انہیں طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر جان بوجھ کر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں کیا گیا، لہٰذا عدالتی حکم پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ عدالتی احکامات پر مسلسل عمل نہ کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے اور کیسز کی فکسیشن پالیسی توہینِ عدالت کی فوری سماعت میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ اس سے قبل 25 اگست کو بھی فوری سماعت کی درخواست مسترد کی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اسے چیف جسٹس نے مسترد کیا یا نہیں۔
عظمیٰ خان نے عدالت سے توہینِ عدالت کی درخواست فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔

Leave a reply