اگر خیبرپختونخوا میں بجٹ منظور نہ ہوتا تو صوبائی حکومت کا خاتمہ ہوجاتا،سلمان اکرم راجہ

0
7

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا سے مالی معاونت کی درخواست کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے سے جوڑ دیا ہے۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ صوبے کی جانب سے وفاق کو رقم دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا میں بجٹ منظور نہ ہوتا تو اس کا مطلب صوبائی حکومت کا خاتمہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود سیاسی ماحول اور دباؤ کی کیفیت فوری طور پر ختم ہوتی دکھائی نہیں دیتی۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے حکام کی وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات صرف سابق فاٹا علاقوں پر عائد ٹیکسز کے معاملے پر ہوئی تھی، جبکہ بجٹ یا کسی اور موضوع پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے حاصل کیے گئے قرضوں کی ادائیگی کے لیے صوبوں سے وسائل طلب کیے ہیں۔ ان کے بقول صوبوں کو اپنے ترقیاتی اور انتظامی اخراجات میں کمی کرکے وفاق کو رقم فراہم کرنا پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی مفادات اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام فیصلے آئینی اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔

Leave a reply