حکومت واقعی عوام دوست بجٹ پیش کرتی تو پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی نظر آتی،صداقت مجید

سینئر وائس چیئرمین امن کمیٹی پنجاب میاں صداقت مجید نے وفاقی بجٹ 2026-27 پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اسے عوام دوست بجٹ قرار دیا ہے، تاہم زمینی حقائق اس دعوے کی مکمل عکاسی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں ریلیف، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سمیت بعض اقدامات کیے گئے ہیں، لیکن عام شہری کی زندگی میں واضح بہتری نظر نہیں آتی۔
میاں صداقت مجید کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ایک بار پھر اشرافیہ کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ غریب طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ برقرار ہے۔ ان کے مطابق عام آدمی پہلے ہی مہنگائی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی عوام دوست بجٹ پیش کرتی تو پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی نظر آتی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی سستی ہوتیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو بھی عوامی ریلیف کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، ورنہ غریب طبقے کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی کے شکار عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے اور غریب طبقے کی مشکلات کم کرنے پر توجہ دے۔















