طلبا کیلئے اہم خبر:تعلیمی اداروں میں سموگ اور سردیوں کی چھٹیاں متوقع

طلباو طالبات کیلئے اہم خبر،تعلیمی اداروں میں سموگ اور سردیوں کی چھٹیاں کب ہوں گی؟سموگ الرٹ کے بعد پنجاب میں تعلیمی اداروں کی ممکنہ بندش کے حوالے سے بڑی پیشرفت سامنے آگئی۔
صوبے کے مختلف شہروں، خصوصاً لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد محکمۂ موسمیات نے تشویشناک الرٹ جاری کیا ہے۔
الرٹ کے مطابق خشک موسم اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے اثرات تعلیمی سرگرمیوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی پنجاب حکومت نے 3 نومبر سے ایک ہفتے کیلئے تعلیمی ادارے بند کیے تھے اور بعد ازاں تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کی گئی تھی۔
اس وقت لاہور ایک بار پھر دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا ہے ،جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 603تک جا پہنچا ہے، جو انسانی صحت خصوصا بچوں کیلئے انتہائی خطرناک ہے، لہٰذا محکمۂ تعلیم اور پنجاب حکومت کی صورتحال پر کڑی نظرہے، تاہم تاحال سکول بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سموگ کی شدت میں اضافہ جاری رہا تو ابتدائی طور پر پرائمری سطح کے سکولوں کی بندش کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، تاکہ بچوں کی صحت کو محفوظ رکھا جا سکے۔
 
                			
                                        			














