بجٹ سے قبل کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ بحالی ایم کیوایم کی ریڈ لائن ہے،فاروق ستار

0
100

 ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی بحالی کو اہم سیاسی مطالبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ منظوری کے معاملے پر اس مطالبے کو سنجیدگی سے اٹھایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے بعض حلقوں میں یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ واپسی کو پارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل کیا جائے، جبکہ پارٹی اراکین کے بعض اجلاسوں میں اسے ’’ریڈ لائن‘‘ بنانے کی تجویز پر بھی بات ہوئی۔

فاروق ستار نے کہا کہ پارٹی کے اندر کامران ٹیسوری کی کارکردگی کو مثبت انداز میں دیکھا جاتا ہے اور ان کی گورنری کے دوران شہری مسائل، عوامی فلاح اور مختلف سماجی منصوبوں کو نمایاں حیثیت ملی۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ میں سیاسی توازن اور صوبائی حکومت پر مؤثر نگرانی کے لیے ایم کیو ایم کے پاس ایک اہم آئینی عہدہ ہونا ضروری ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کامران ٹیسوری کی واپسی پر غور کیا جائے، جبکہ بعض پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ تاحال پارٹی کی مرکزی سطح پر باضابطہ بحث کے لیے پیش نہیں ہوا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ووٹ حکومتی معاملات میں اہمیت رکھتے ہیں، تاہم بجٹ کے موقع پر پارٹی کا حتمی لائحہ عمل آنے والے مشاورتی عمل کے بعد واضح ہوگا۔

Leave a reply