لبنان جنگ بندی مذاکرات کا حصہ ہے، وہاں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے،پاکستان

0
5

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لبنان جنگ بندی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے، اس لیے وہاں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ اور قیامِ امن نہایت ضروری ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے مذاکرات میں شریک فریقین کے عزم اور سنجیدگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلسل طویل وقت تک پیچیدہ معاملات پر بات چیت کرنا غیرمعمولی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امن عمل میں ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا اور تہران، واشنگٹن سمیت دیگر دارالحکومتوں کے ساتھ سفارتی رابطے برقرار رکھے گا۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور دوست ممالک کو مسلسل اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن عمل کی حمایت کرنے والے تمام ممالک کا خیرمقدم کیا جاتا ہے اور عالمی شراکت داروں، بشمول روس، کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز کے دوران اسرائیل،لبنان محاذ پر بہتری کے آثار حوصلہ افزا ہیں اور لبنان میں کشیدگی میں کمی مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد
دے سکتی ہے، جبکہ جوہری معاملہ بھی اہم زیر بحث موضوعات میں شامل ہے۔

Leave a reply