
سیف سٹی کی جانب سے شہریوں کو ای چالان کے نام پر پھیلائے جانے والے جعلی ایس ایم ایس اور ڈیجیٹل فراڈ سے خبردار کیا گیا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ای چالان کا آفیشل پیغام صرف’’ 9915‘‘ نمبر سے بھیجا جاتا ہے، جبکہ سرکاری ایس ایم ایس میں کسی قسم کا لنک شامل نہیں ہوتا اور نہ ہی اس میں آن لائن ادائیگی کی ہدایت دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر’’9915‘‘سے آنے والے کسی بھی مشکوک میسج میں لنکس یا بینکنگ معلومات طلب کی جائیں تو شہری فوری احتیاط کریں اور اس پر ہرگز کلک نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق جعلساز مختلف نمبرز سے ای چالان کے نام پر لنکس بھیج کر شہریوں سے مالی اور بینکنگ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سیف سٹی کسی بھی صورت ایس ایم ایس کے ذریعے بینک اکاؤنٹ یا کارڈ کی تفصیلات طلب نہیں کرتا۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ لنکس پر کلک کرنے اور مشکوک ویب سائٹس پر ادائیگی سے گریز کریں۔
ای چالان کی تصدیق صرف سیف سٹی کی آفیشل ویب سائٹ echallan.psca.gop.pk پر کی جا سکتی ہے، جبکہ ادائیگی صرف e-Pay Punjab ایپ کے ذریعے PSID بنا کر ممکن ہے۔
مزید معلومات کے لیے شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے آپشن 6 استعمال کر سکتے ہیں۔
سیف سٹی نے واضح کیا ہے کہ جعلی ویب سائٹس اور فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔















