نیا موسمی نظام: کئی شہروں میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف حصوں میں نیا موسمی نظام داخل،محکمہ موسمیات نےملک کےکئی شہروں اور بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں ایک نیا موسمی نظام داخل ہو چکا ، جس کے باعث کئی شہروں اور بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
موسم کاحال بتانےوالوں کاکہناہےکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں جیسے سیالکوٹ، نارووال، گجرات، اور گوجرانوالہ میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برف بھی پڑنے کی توقع ہے۔ بالائی علاقوں بشمول مری، گلیات، سوات، چترال، دیر اور گلگت بلتستان میں برفباری متوقع ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع جیسے کوئٹہ، زیارت، ژوب اور چمن میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔















