پاکستان اور چین کا مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پانچ نکاتی ایجنڈا، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

0
23

بیجنگ میں نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈارنے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی ہے۔اس موقع پردونوں رہنماؤں نےمشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پانچ نکاتی ایجنڈےکااعلان کیااور تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈے کا اعلان کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے متعلق بھی آگاہ کیا، جبکہ ملاقات میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ترقی پذیر ممالک پر پڑنے والے شدید سماجی و معاشی اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے مغربی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطحی روابط اور تبادلوں میں اضافہ کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اپنے وفد کے ہمراہ پرتپاک استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال، امن و استحکام کی ضرورت اور دہشت گردی کے مؤثر تدارک پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی رابطوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Leave a reply