پاکستان موبائل ٹیکس میں زیادہ وصولی والے ممالک میں شامل، رپورٹ

0
4

اسلام آباد: پاکستان موبائل سروسز پر زیادہ ٹیکس وصول کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے، جس سے متعلق ایک عالمی رپورٹ میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

عالمی معاشی تحقیقی ادارے “فرنٹیئر اکنامکس” کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹیلی کام اور موبائل سیکٹر پر عائد بھاری ٹیکسز ڈیجیٹل ترقی اور معاشی نمو میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں موبائل سروسز پر مجموعی ٹیکس کی شرح تقریباً 37 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس میں جنرل سیلز ٹیکس، ایڈوانس انکم ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی شامل ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ موبائل کمپنیوں پر کارپوریٹ ٹیکس اور اضافی سپر ٹیکس بھی لاگو ہیں، جس سے مجموعی مالی بوجھ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ موبائل سروسز پر عائد ٹیکسوں میں کمی کی جائے تاکہ ڈیجیٹل معیشت، مالی شمولیت اور انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ ہو سکے۔

عالمی ادارے کے مطابق ٹیکس اصلاحات سے موبائل آپریٹرز کی آمدن میں اضافہ اور صارفین کے لیے سروسز کے استعمال میں بہتری آ سکتی ہے، جبکہ ملک کی مجموعی جی ڈی پی گروتھ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کی ڈیجیٹل پالیسی میں ٹیکس اصلاحات کو مرکزی حیثیت دی جائے تاکہ طویل المدتی معاشی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

Leave a reply