پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 31جنوری کو سجے گا

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام پاکستان ٹورازم سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 31 جنوری سے یکم فروری تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔دو روزہ فیسٹیول کے مقابلے ایف نائن پارک اور اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔
پی ٹی ڈی سی کے مطابق فیسٹیول کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص، سیاحت کے فروغ اور خاندانی تفریح کو یکجا کرنا ہے۔ ایونٹ میں روایتی و ثقافتی کھیلوں خصوصاً ٹینٹ پیگنگ، مختلف سپورٹس سرگرمیوں، کار اور بائیک شو، ثقافتی مظاہروں، علاقائی کھانوں کے سٹالز، موسیقی اور دیگر تفریحی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے۔فیسٹیول کے دوران کار شو، موٹر بائیک شو، پیرا گلائیڈنگ، نیزہ بازی اور فیملیز کیلئے متعدد دیگر ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔
منتظمین کے مطابق یہ مقابلے شائقین کیلئے خصوصی کشش کا باعث ہوں گے اور پاکستان کے روایتی کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔منتظمین نے شہریوں اور سیاحوں کو بڑی تعداد میں شرکت کی دعوت دی ہے، تاکہ وہ کھیل، ثقافت اور تفریح سے بھرپور اس قومی فیسٹیول سے لطف اندوز ہو سکیں۔















