
پاکستان کی سفارتی کوششوں کے عالمی سطح پر مثبت اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلانات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جو تقریباً 19 فیصد تک پہنچ گئی۔
برینٹ خام تیل کی قیمت بھی کمی کے بعد تقریباً 90 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔ اسی طرح دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی بہتری اور تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
طویل اور بڑی جنگ کے خدشات میں کمی آنے پر کاروباری حلقوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایران نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی دو ہفتوں کی جنگ بندی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے، جس کی منظوری ایران کی اعلیٰ قیادت نے دی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حالیہ پیش رفت کے بعد کشیدگی میں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اگر ایران پر حملے بند ہوتے ہیں تو ایران بھی جوابی کارروائیاں روک دے گا۔
مزید یہ کہ آبنائے ہرمز سے دو ہفتوں کے لیے محفوظ گزرگاہ ایران کی فوج کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے تحت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔















