پاسپورٹ بنوانے کے اوقات کار میں تبدیلی! شہریوں کی بڑی مشکل آسان

0
4

پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے اہم خبر آگئی ، دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی ہے۔
پاکستان کے 8 بڑے پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی ہے، جس کے تحت اب یہ دفاتر پیر سے جمعہ تک دو شفٹوں میں خدمات فراہم کریں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، جبکہ دوسری شفٹ شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔
نئے اوقات کار کے تحت شہریوں کو ہفتے کے دوران معمول کے اوقات سے زیادہ دیر تک پاسپورٹ سے متعلق خدمات حاصل کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کو درپیش مشکلات، طویل قطاروں اور سروس میں تاخیر کی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔
رواں ماہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس کے اچانک دورے کے دوران شہریوں کی طویل قطاریں دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔شہریوں نے وزیر داخلہ کو پاسپورٹ کے حصول میں تاخیر اور مبینہ ایجنٹ مافیا سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا تھا۔ایک شہری نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فوری پاسپورٹ سروس کے لیے ایک ایجنٹ کو 5 ہزار 500 روپے ادا کیے، جبکہ دیگر شہریوں نے بھی اضافی رقم کے عوض کام جلد کرانے کی شکایات کی تھیں۔
شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے محسن نقوی نے مبینہ بدانتظامی اور غفلت پر پاسپورٹ آفس کے انچارج شہزاد اسلم کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے، جبکہ پاسپورٹ آفس میں مبینہ ایجنٹ نیٹ ورک کے معاملے پر ایف آئی اے لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو بھی ہٹانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی شکایات فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو بہتر اور تیز رفتار سروسز کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave a reply