آلودگی سےبچاؤ،لاہورکےچاروں اطرف جنگل اگانےکامنصوبہ تیار

سموگ اورماحولیاتی آلودگی کیخلاف پنجاب حکومت کابڑااقدام،لاہورکےچاروں اطرف جنگل اگانے کا منصوبہ تیارکرلیاگیا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق منصوبے کے تحت تقریباً 48 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے، پی ایچ اے لاہوریہ منصوبہ مکمل کرے گا، لاہور کی جنگل نما حد بندی کی کل لمبائی 112 کلومیٹر اور رقبہ 1711 ایکڑ ہوگا۔رنگ فاریسٹیشن منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 1210 ایکڑ اراضی پر 59 کلو میٹر لمبا رنگ فاریسٹ بنایا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں 31 ،جبکہ تیسرے میں 22 کلو میٹر رنگ فارسٹیشن کی جائے گی۔
پہلا مرحلہ ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا، لنگز آف لاہور منصوبے سے تقریباًدو کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ منصوبے کی تکمیل سے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک میں مدد ملے گی۔ جامن، کچنار، امرود اور دیگر پھلوں والے مختلف اقسام کے علاقائی درخت لگائے جائیں گے۔ نمائشی درختوں میں پلکن، ارجن، گل نشتر، سکھ چین اور دیگر اقسام شامل ہیں۔
 
                			
                                        			














