وزیراعظم کادورہ سعودی عرب مکمل،وطن واپس پہنچ گئے

0
14

وزیراعظم شہبازشر یف سعودی عرب کادورہ مکمل کرکےوفدکےہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔
ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز نے وزیرِ اعظم پاکستان اور ان کے وفد کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر الوداع کہا۔
وزیرِ اعظم نے اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کے فریم ورک (Economic Cooperation Framework) کا باضابطہ آغاز کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ فریم ورک توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے فروغ، نجی شعبے کے کردار کے اضافے اور تجارتی تبادلوں کی وسعت کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری متعدد مشترکہ منصوبوں، خصوصاً بجلی کی ترسیل کے منصوبے اور توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشتوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیرِ اعظم نے ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) کی 9ویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کہا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے؟ کے موضوع پر گول میز اجلاس میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے عالمی سطح پر انسانی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے باہمی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور عالمی ترقی کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔
وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، سیلاب کی تباہ کاریوں اور گلوبل نارتھ و گلوبل ساؤتھ کے اشتراک کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید برآں، وزیرِ اعظم نے اپنے دورے کے دوران عالمی اقتصادی فورم (WEF) کے صدر و چیف ایگزیکٹو بورگا برینڈے سے بھی ملاقات کی۔

Leave a reply