پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس،کھلاڑیوں کی ریٹینشنز پرتبادلہ خیال

پاکستان سپرلیگ گورننگ کونسل کےاجلاس میں کھلاڑیوں کی ریٹینشنز پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
لاہور میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے نمائندوں کے علاوہ پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیالکوٹ اور حیدرآباد کی نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا اور نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر چیئرمین پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم کو مبارکباد دی گئی۔
اجلاس میں پی ایس ایل 11 کے شیڈول پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ کھلاڑیوں کی ریٹینشنز پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرافٹ، آکشن یا ڈراکشن ماڈل پر بھی مشاورت کی گئی اور ڈائریکٹ سائننگز کے آپشن پر غور کیا گیا۔
گورننگ کونسل کو آگاہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کا آغاز 26 مارچ کو ہوگا۔ ایجنڈا امور پر مزید مشاورت کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر گورننگ کونسل کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا۔















