رانا ثنااللہ کی دریائے چناب پر آبی ذخائر بنانے کی تجویز، بھارت کی آبی جارحیت کا مؤثر جواب قرار

0
104

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے بھارت کی آبی جارحیت کے مقابلے کے لیے دریائے چناب پر آبی ذخائر بنانے کی تجویز پیش کر دی۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دریائے چناب پر چار سے پانچ مقامات پر پانی کے ذخائر قائم کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کے معاملے پر تمام صوبوں کو مل بیٹھ کر متفقہ فیصلہ کرنا ہوگا تاکہ مستقبل کے چیلنجز اور بھارتی سازشوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ بھارت چناب پر پانچ ڈیمز تعمیر کر رہا ہے جو 2030 تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے بھارت جب چاہے 60 سے 90 دن تک دریا کا پانی روک سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے اچانک پانی چھوڑ کر سیلابی صورتحال بھی پیدا کی جا سکتی ہے، جس کے باعث پاکستان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، تاہم حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اسے عالمی سطح پر اٹھایا ہے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے چناب پر اپنے آبی ذخائر بنا کر اضافی پانی محفوظ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ صدر مملکت کے نوٹس میں بھی لایا جا چکا ہے اور اس پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کی ضرورت ہے۔

Leave a reply