روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی جگہ ’’ہائی رائز‘‘ بلڈنگ بنانے کا انکشاف

حکومتِ پاکستان نے نیویارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کو بلندوبالا عمارت میں تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نیویارک میں روزویلٹ ہوٹل کو بلند و بالا عمارت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نےعرب نیوزکوانٹرویو میں کہا کہ حکومت نےہوٹل کو مکمل طور پر فروخت کرنے کا فیصلہ ترک کردیا ہے اور اب اس ہوٹل کی جگہ ممکنہ طور پر 60 منزلہ عمارت تعمیر کی جاسکتی ہےجس میں پانچ ارب ڈالر تک کی ایکویٹی اور فنانسنگ شامل ہو سکتی ہے۔
مشیرِ نجکاری محمد علی نےکہا کہ منصوبے کے تحت حکومت زمین فراہم کرے گی جبکہ نجی شراکت دارایکویٹی سرمایہ لگائے گا،کئی بین الاقوامی اداروں نے اس منصوبےمیں دلچسپی ظاہرکی ہے،روز ویلٹ ہوٹل مسلسل خسارے کے باعث 2020 سے بند پڑا ہے۔















