
پنجاب کے دل شہر لاہور میں روٹی مہنگی کر دی گئی یکدم 6 روپے اضافے کے ساتھ قیمت 20 روپے ہو گئی۔
ملک میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں کے باعث اب نان بائی بھی روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی راہ پر چل پڑے ہیں اور لاہور میں روٹی کی قیمت میں یکدم 6 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے باعث روٹی کی قیمت 14 روپے کے بجائے 20 روپے کی ہو گئی ہے۔
روٹی مہنگی کیے جانے پر غریب عوام کا کہنا ہے کہ ان پر زندگی پہلے ہی تنگ تھی اس پر روٹی بھی مہنگی ہو گئی ہے وہ جائیں تو کہاں جائیں۔
دوسری جانب نان بائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھنے کی وجہ آٹے سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بتایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب آٹا مہنگا ہو گا تو وہ روٹی کیسے سستی بیچ سکتے ہیں اس پر قسمت کی ستم ظریفی کہ نہ صرف ایل پی جی بلکہ جس شاپر بیگ میں روٹی فروخت کرنی ہے وہ بھی مہنگے ہیں۔
نان بائیوں کا کہنا ہے کہ مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی کیسے فروخت کریں؟ جب آٹا سستا ہوگا تو روٹی بھی سستی ملے گی۔
واضح رہے کہ نان بائیوں نے مہنگے آٹے کی وجہ سے نان کی قیمتوں میں اضافے کے لیے انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔















