سونی کی مشہور کھلونا گڑیا پر فلم لابوبوجلد بڑی سکرین پرنظر آئے گی

0
8

لابوبو (Labubu) گڑیاجلدبڑی سکرین پر جلوہ گر ہو گی، سونی پکچرز نے مشہور کھلونا گڑیا پر مبنی فلم بنانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وائرل ہونیوالی لابوبو گڑیا، جو اپنی انفرادیت اور بدصورت شکل کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہے، اب ہالی وڈ کا حصہ بننے جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونی پکچرز نے لابوبو گڑیا پر فلم بنانےکا معاہدہ کر لیا،یہ معاہدہ گزشتہ ہفتے طے پایا ہے،مگر ابھی تک فلم کیلئے کسی بھی پروڈیوسر، ڈائریکٹر یا سکرین رائٹرکا نام سامنے نہیں آیا اورنہ ہی یہ واضح ہے کہ یہ فلم اینی میٹڈ ہوگی یا لائیو ایکشن، تاہم اگر یہ فلم کامیاب رہی تو سونی کی اسے مکمل فرنچائز میں بدلنے کی منصوبہ بندی ہے۔
یاد رہے کہ لابوبو گڑیا کا تصور ہانگ کانگ کے آرٹسٹ کیسنگ لنگ کی تخلیق ہے، یہ کردار دراصل لنگ کی کتابی سیریز The Monsters کا حصہ ہے، جہاں بڑی بڑی اور چوڑی آنکھوں، نوکیلے کانوں اور تیز دانتوں والی یہ فنکارانہ مخلوق ایک منفرد ،مگرپُراسرار مسکراہٹ کے ساتھ دکھائی دیتی ہے۔ لابوبو گڑیا کو چین کی معروف کمپنی پاپ مارٹ تیار کرتی ہے، جو دنیا بھر میں اپنے بلائنڈ باکس کھلونوں کیلئے مشہور ہے۔2024 کے آغاز میں لابوبو کے مخصوص کلیکشن نے اچانک دھماکہ خیز مقبولیت حاصل کی، جس کے نتیجے میں پاپ کلچر میں ایک نیا ٹرینڈ سامنے آنے لگا،خصوصاً کے پاپ گروپ بلیک پنک کی رکن لیزا نےلابوبو کو بطورِ فیشن لوازمات استعمال کر کے اس کی مقبولیت کو مزید بڑھایا، جس نے اسے جین زی صارفین میں ایک میگا ٹرینڈ بنا دیا۔
لابوبو سے پہلے بھی ہالی وڈ میں کھلونوں پر مبنی فلموں کی کامیاب مثالیں موجود ہیں، جن میں لیگو مووی نے دنیا بھر میں شاندار پذیرائی حاصل کی، جبکہ2023 میں ریلیز ہونیوالی گریٹا گیروِگ کی باربی نے ایک ارب ڈالر سے زائد کمائی کی اور آسکر کی آٹھ نامزدگیاں حاصل کیں۔ ان فلموں کی کامیابیوں نے فلم انڈسٹری کو کھلونوں کی دنیاؤں کو بڑے پردے پر لانے کیلئےمزید پرُجوش کیا اور اب بڑے پردے پر لابوبو گڑیا کے جلوہ گر ہونےکی باری ہے۔

Leave a reply