ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپر8مرحلہ:نیوزی لینڈکےہاتھوں سری لنکا کو شکست ،پاکستان کی مشکلات میں اضافہ

0
5

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےسپرایٹ مرحلےمیں نیوزی لینڈکےہاتھوں سری لنکاکو61رنزسے شکست کےبعدپاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی میں مزید مشکلات بڑھ گئی۔
کولمبو میں کھیلے گئےآئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےسپرایٹ مرحلےکےمیچ میں سری لنکانےٹاس جیت کرپہلےبولنگ کافیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نےپہلےکھیلتےہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کےنقصان پر 168 رنز بنائے۔ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر107رنزبناکر ڈھیر ہوگئی۔مسلسل دو شکست کے بعد سری لنکن ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی اور ساتھ ہی پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا۔
نیوزی لینڈکی جانب سے کپتان مچل سینٹنر 47 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کول مکونکی نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں رچن رویندرا 32 رنز بناکرپویلین لوٹ گئے، فِن ایلن 23سکورفراہم کرسکے۔ گلین فلپس18 رنز بنا کروکٹ گنوابیٹھے۔ ٹِم سائفرٹ8رنزکےمہمان ثابت ہوئے۔ڈیرل مچل 3 سکوربناکرآؤٹ ہوگئےاورمارک چیپمن بغیرکھاتہ کھولےصفرپرپویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا اور دُشمانتا چمیرا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دونِتھ ویلالگے نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کےجواب میں سری لنکاکی بیٹنگ آغازسےہی مشکلات کاشکاررہی ، ابتدائی 4 بلے باز 9ویں اوور میں 29 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
پاتھم نسانکابغیرکھاتہ کھولے صفرپرآؤٹ ہوگئے، کوشل مینڈس 11رنزبناکرپویلین لوٹ گئے، چریتھ اسالانکا 5 رنزفراہم کرسکےاور رتنانائیکے 10 رنز کےمہمان ثابت ہوئے۔ پانچویں وکٹ پر شناکا اور کمنڈو مینڈس نے 16 رنز بنائے، تاہم 46 کے مجموعے پر شناکا بھی آؤٹ ہوگئے۔
چھٹی وکٹ پر سری لنکا نے 13 رنز بنائے، تاہم 59 کے مجموعے پر ہیمانتھا بھی کیچ دے بیٹھے جبکہ ساتویں وکٹ پر 18 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 77 کے مجموعے پر سری لنکا کی آخری امید کمنڈو مینڈس بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 31 رنز بنائے، سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 105 رنز پر گری جب ویلالاگے 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر راچن راویندرا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میٹ ہینری نے دو جبکہ گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ لی۔
سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس3.05 ہوگیا جبکہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46 ہے۔
نیوزی لینڈ گروپ میں آخری میچ جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ پاکستان اپنا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔
اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔

Leave a reply