خطےمیں کشیدگی:حکومت کی عوام سےپیٹرولیم مصنوعات کی بچت کے اقدامات اپنانےکی اپیل

مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کےپیش نظرحکومت نےعوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات کو اپنانے کی اپیل کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اہم اجلاس منعقدہوا،جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹننٹ جنرل محمد عاصم بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، جبکہ مزید ضروریات کے پیش نظر اضافی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات ناگزیر ہوں گے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمتِ عملی تشکیل دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی جاری ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔
اعلامیے میں حکومت نے عوام سے اپیل کی کہ پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں بچت کے اصول اپنائے جائیں تاکہ آئندہ دنوں میں ایندھن کی دستیابی متاثر ہونے کے خدشات سے بچا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہر ممکن صورتحال کے پیش نظر تیار رہنا ہوگا اور بدلتے حالات کے مطابق طرزِ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں کارپولنگ، اجتماعی نقل و حرکت، غیر ضروری سفر سے گریز اور آمد و رفت کو محدود رکھنے جیسے اقدامات کی بھی ترغیب دی گئی۔















