تھائی اسکائی ڈائیور نے دنیا کے بلند ترین آتش فشاں پر لینڈنگ کا ریکارڈ قائم کر دیا

0
8

تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے اسکائی ڈائیور تنابوورن سیریکوناکورنکن المعروف “سپر ٹوم” نے دنیا کے بلند ترین فعال آتش فشاں پر کامیاب لینڈنگ کر کے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انہوں نے چلی کے معروف آتش فشاں اوجوس ڈیل سالادو پر سطح سمندر سے 5442 میٹر کی بلندی پر لینڈنگ کی، جسے دنیا کی بلند ترین اسکائی ڈائیونگ لینڈنگ قرار دیا گیا ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے 2023 میں قائم ہونے والا 5317 میٹر کی بلندی کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

48 سالہ تنابوورن، جو پیشے کے اعتبار سے ریئل اسٹیٹ کاروباری شخصیت اور یونیورسٹی پروفیسر ہیں، نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بلندی سے قدرتی مناظر غیرمعمولی طور پر خوبصورت دکھائی دیتے تھے۔

ان کے مطابق مختلف معدنی رنگوں نے آتش فشاں کے ماحول کو قوسِ قزح جیسی دلکش شکل دے رکھی تھی، جو ایک یادگار تجربہ ثابت ہوا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ تنابوورن نے اسکائی ڈائیونگ کا آغاز صرف 2024 میں کیا، تاہم وہ اب تک 1250 سے زائد جمپس مکمل کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ریکارڈ کا مقصد عالمی سطح پر تھائی لینڈ کا نام روشن کرنا تھا تاکہ ان کے ملک کے لوگ اس کامیابی پر فخر محسوس کر سکیں۔

Leave a reply