
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران سرکاری وسائل کے استعمال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیے اور سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا (سہیل آفریدی) کی جانب سے سیاسی مقاصد کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کی توہین ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ نے سیاسی مارچوں میں کسی بھی قسم کی سرکاری مشینری یا وسائل کے استعمال کو سختی سے ممنوع قرار دے رکھا ہے، لیکن صوبے کے چیف ایگزیکٹو خود قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ گورنر نے واضح کیا کہ جب صوبائی حکومت کے اعلیٰ ترین عہدیدار ہی عدالتی فیصلوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیں، تو عام شہریوں اور سیاسی کارکنوں سے قانون کی پاسداری کی توقع نہیں کی جا سکتی۔















