2026 کا آغاز : دلکش اور یادگار فلکیاتی نظارہ 3 جنوری کو ہو گا

0
43

فلکیاتی مظاہر کے شائقین کیلئے خوشخبری،نئے سال 2026 کا آغاز ایک دلکش اور یادگار فلکی نظارے کے ساتھ ہونے جا رہا ہے۔
ماہرین ِ فلکیات کے مطابق 3 جنوری 2026 کو مکمل چاند اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوگا، جسے روایتی طور پر وولف مون کہا جاتا ہے، یہ مکمل چاند سورج غروب ہونے کے فوراً بعد آسمان پر دیکھا جا سکے گا۔ اس موقع پر چاند زمین کے قریب ترین مقام پر ہوگا، جس کے باعث وہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا، جسے سپر مون بھی پکاراجاتا ہے۔
فلکیات کے ماہرین کے مطابق سپر مون کے دوران چاند کی غیر معمولی چمک آسمان کو ایک مسحور کن منظر میں تبدیل کر دیتی ہے اور اس خوبصورت نظارے سے لطف اندوز ہونے کیلئے کسی خاص آلات یا دوربین کی ضرورت نہیں ہوگی، تاہم فلکیاتی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ بہتر مشاہدے کیلئے شام کے وقت کھلی جگہوں اور صاف افق والے علاقوں کا انتخاب کیا جائے، تاکہ سپر مون کے طلوع ہونے کا مکمل اور روشن منظر واضح طور پر دیکھا جا سکے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ رواں سال اس فلکیاتی مظاہرے کے بعد مزید دو سپر مون بھی دیکھنے کو ملیں گے، جو نومبر اور دسمبر میں نمودار ہوں گے۔ یہ فلکیاتی مناظر ناصرف فلکیات کے شائقین ،بلکہ عام افراد کیلئے بھی ایک یادگار تجربہ ثابت ہوں گے۔

Leave a reply