سورج آنکھیں دکھانےلگا،محکمہ موسمیات نےخبردارکردیا

ملک بھر میں سورج آنکھیں دکھانے لگا ہے اور محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق ملک کے بیشتر علاقوں، خاص طور پر پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ، اپریل اور مئی کےمہینوں کے دوران ملک بھر میں اوسط درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔خاص طور پرگلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت میں زیادہ اضافہ متوقع ہے،نیززیادہ درجہ حرارت کے باعث ربیع فصلوں کا دورانیہ کم ہونے کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے قریب یا معمول سے کچھ زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،وسطی اور مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول کے قریب بارشوں کی توقع ہے،میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو بننے کے امکانات ہیں اورزیادہ درجہ حرارت سے کیڑوں اور فصلوں کی بیماریوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں برف پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا امکان ہے،گلیشیرز پگھلنے سے گلوف جیسے خطرات بڑھنے کی توقع ہے،اس کے علاوہ بارشوں سے آبی ذخائر کی سطح بہتر ہونے کی توقع ہے۔















