
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈیفالٹر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کرتے ہوئے شہر بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق ای چالان نادہندہ گاڑی پکڑے جانے کی صورت میں تمام بقایا چالان کی ادائیگی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ اور وحدت روڈ پر خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔
سی ٹی او کے مطابق ای چالان ڈیفالٹرز کے لیے پولیس کی 14 اہم سروسز تک رسائی محدود کر دی گئی ہے، جن میں ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ اور ویریفکیشن سروسز شامل ہیں۔
سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور لائسنسنگ سسٹم کو آپس میں منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ڈیٹا کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سگنل، لین لائن، ون وے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے۔
سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں کیونکہ منظم ٹریفک نظام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون شکن عناصر کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور ٹریفک سسٹم کو مزید ڈیجیٹل اور منظم بنایا جا رہا ہے۔















