
پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے سوا کسی جماعت نے کوئی قابل ذکر ترقیاتی کام نہیں کیا۔
گلگت بلتستان میں انتخابات سے متعلق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خطے میں ہر طرف “شیر، شیر” کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور مسلم لیگ (ن) کو عوام ہمیشہ اس کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مخالفین مسلم لیگ (ن) پر تنقید اور الزام تراشی کے ذریعے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں (ن) لیگ کے علاوہ کسی جماعت کی کوئی نمایاں کارکردگی موجود نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے ایک ہفتے سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ تحریک انصاف کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں دی جا رہی، تاہم یہ باتیں بے بنیاد ہیں۔
صوبائی وزیر کے مطابق جن کے امیدوار بھی مکمل نہیں، وہ قبل از وقت دھاندلی کا واویلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا بیانیہ مسلسل ناکام ثابت ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے، جبکہ جھوٹ اور پروپیگنڈا سیاسی طور پر ناکام حربے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کو لاہور کی طرز پر خوبصورت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔















