مادری زبانوں کو سکولوں میں لازمی قرار دینے کا بل پیش

0
4

طلبا و طالبات کیلئے بڑی خبر ، مادری زبان سکولوں میں لازمی قرار دینے کا فیصلہ، پنجاب اسمبلی میں مادری زبانوں کو سکولوں میں لازمی قرار دینے کا بل پیش کر دیا گیا۔
بل کے مطابق پنجابی، سرائیکی اور دیگر مقامی زبانوں کو بچوں کی تعلیم اور ثقافتی ورثے کا حصہ بنایا جائے گا۔
حکومتی رکن صوبائی اسمبلی امجد جاوید کی جانب سے پیش کیے گئے اس بل کے مطابق پرائمری سطح کے تمام سرکاری، نجی سکولوں اور دینی مدارس میں بھی مادری زبان کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے گا۔اس بل میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ پنجاب کے ہر ضلع میں بولی جانے والی زبان کو سرکاری گزٹ کے ذریعے مخصوص کیا جائے گا۔
بل کے مطابق حکومت ہر ضلع کے لیے مادری زبان میں نصابی کتب تیار کرے گی، انہیں مفت تقسیم کرے گی، جبکہ ان زبانوں کو پڑھانے کے لیے اساتذہ کو خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔
امجد جاوید کے مطابق دنیا بھر میں مادری زبانوں کی ترقی و ترویج کے لیے کام ہو رہا ہے، لیکن ہمارے ہاں آج تک مادری زبان پر کام نہیں ہوا، خصوصاً پنجاب اس میں بہت پیچھے ہے، اسی لیے ہم نے اس پر کام شروع کیا ہے اور اسے قانونی شکل دینے کی کوشش کی ہے، تاکہ سکول کی سطح پر مادری زبان کو بچوں کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے، کیونکہ ہمارے بچے مادری زبان کو بھولتے جا رہے ہیں۔

Leave a reply