کیلاش میں دفعہ 144نافذ، چلم جوشی فیسٹیول سج گیا

0
116

پاکستان ٹوڈے: چترال کی وادیٔ کیلاش میں بہار کے استقبال کیلئے قدیم ترین چلم جوشی فیسٹیول سج گیا۔

تفصیلات کے مطابق چلم جوشی فیسٹیول کی عالمی سطح پر شہرت کے باعث ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح اس میں شرکت کیلئے وادیٔ کیلاش کا رخ کرتے ہیں ، تاہم امسال چترال انتظامیہ نے کیلاش قبیلے کے کلچر اور مذہبی رسومات کے تحفظ کے پیش نظر وادی میں دفعہ144 نافذ کر دی ہے، جو17 مئی 2024 تک نافذ العمل رہے گی۔

دفعہ 144 کے ضمن میں جاری ہدایت نامے کے مطابق بغیر اجازت کے موٹر سائیکل سواروں کے کیلاش وادیوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور رجسٹرڈ ٹوریسٹ گائیڈ کے بغیر سیاحوں کا علاقے میں داخلے اور گھومنے پھرنے پر بھی پابندی ہوگی، اسی کیساتھ ہی بغیر اجازت کے کیلاش قبیلے کے خواتین کی ویڈیو گرافی اور تصاویر بنانے پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔

ہدایت نامے کے مطابق عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ چترال انتظامیہ کی جانب سے مقامی لوگوں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ علاقے کے کلچر اور مذہبی رسومات کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

Leave a reply