
مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تیل مہنگا ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف دینا قیادت کی کامیابی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ ذمہ دار قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین مالی نظم و نسق (فسکل مینجمنٹ) کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دانشمندی سے فسکل اسپیس پیدا کی، کفایت شعاری کو فروغ دیا، غیر ضروری اخراجات کم کیے اور ہر ممکن طریقے سے عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا گیا، جو قابلِ ستائش اقدام ہے۔
ان کے مطابق عالمی سطح پر جہاں کئی ممالک میں پیٹرول کی قلت اور قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا، وہاں پاکستان کو اس بحران سے محفوظ رکھنا مضبوط پالیسی اور مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کا ثبوت ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہی فرق ایک ذمہ دار قیادت اور اس قیادت میں ہوتا ہے جس نے اپنی سیاست بچانے کے لیے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے کہ ملک کی قیادت شہباز شریف جیسے سنجیدہ اور ذمہ دار رہنما کے ہاتھ میں ہے، جو مشکل حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوا تو اسے مکمل طور پر عوام پر ڈالنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا۔
ان کے مطابق دو ویلرز استعمال کرنے والے محنت کش طبقے، چھوٹے کسانوں (25 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے) اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو خصوصی ریلیف دے کر مہنگائی کے اثرات کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ قیادت مشکل وقت میں عوام کا سہارا بنتی ہے اور ان کے مسائل کو سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کرتی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کو وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے تمام وزرائے اعلیٰ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم متحد ہو کر ان مشکل حالات کا مقابلہ کرے گی، اور جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے مزید ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔















