دنیا کا سب سے قدیم ساحل کہاں واقع ہے؟

0
141

دنیا کا سب سے قدیم ساحل کہاں ہے؟

جراسک کوسٹ(Jurassic Coast) کو دنیا کا قدیم ترین ساحل سمندرسمجھا جاتا ہے۔  جنوبی انگلینڈ کی ساحلی پٹی کا یہ کنارہ اپنی خوبصورتی کے علاوہ تاریخی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی طرف سے 2001 میں جراسک کوسٹ کو قدرتی عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا جا چکا۔

جراسک ساحل کا سب سے بلند مقام گولڈ کیپ ہے۔ ڈیون (Devon) کاؤنٹی سے ڈورسیٹ (Dorset) کاؤنٹی تک پھیلے 155کلومیٹر طویل جراسک کوسٹ کے کنارے پر موجود چٹانیں اور آثارِقدیمہ کے نقوش کم و بیش 18کروڑ 50لاکھ سال قدیم ترین تاریخ کی داستان بیان کرتے ہیں۔

محققین کے مطابق جراسک کوسٹ کے ساتھ موجود چٹانوں سمیت ڈائنوسارز کے زمانے جراسک کی تاریخ جاننے کا موقع ملا ہے۔ ساحل کے اطراف سے ڈائنوسارز سمیت کروڑوں برس قبل پائے جانیوالے جانداروں کی باقیات دریافت کی جاچکی ہیں۔ علم الارض کے حوالے سے اس قدیم ساحل کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا نام جراسک کوسٹ رکھا گیا۔

ایڈونچر کے دلدادہ افراد کیلئے جراسک کوسٹ انتہائی متاثر کن ساحل ہے۔ یہاں آنیوالے دلکش قدرتی نظاروں سے محظوظ ہونے کے ساتھ قدیم ارضیاتی تاریخ کے ابواب میں جھانکنے کی کوشش بھی کرسکتے ہیں۔ جراسک ساحل تک رسائی کیلئے موجود 13 مختلف قصبوں میں مجموعی طور پر 15وزیٹر سینٹرز اور عجائب گھر قائم ہیں۔

عالمی ثقافتی ورثہ کی انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ وزیٹر سینٹرز اورمیوزیمز میں سیاحوں کیلئے دلچسپ معلومات کا ذخیرہ اور جراسک کوسٹ سے دریافت ہونیوالی تاریخی باقیات رکھی گئی ہیں۔ ساحل کے مختلف پوائنٹس پر سیاحوں کیلئے سائیکلنگ، کشتی رانی اور دیگر سیروتفریح کیلئے خصوصی انتظامات موجود ہیں۔

Leave a reply