سوچتی تھی شوہر کے گھر سے ہی میری میت اٹھے گی ،مگرطلاق ہوگئی، زینب قیوم

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابق ماڈل اور اداکارہ زینب قیوم نےکہاہےکہ سوچتی تھی کہ شوہر کے گھر سے ہی میری میت اٹھے گی ،مگرشادی کے10ماہ بعدطلاق ہوگئی۔
اداکارہ کے مطابق ان کی شادی 2010 میں ہوئی تھی، لیکن صرف دس ماہ بعد ہی طلاق کے ذریعے اختتام پذیر ہوگئی۔زینب قیوم نے بتایا کہ شادی کے بعد وہ دبئی اور پھر لندن منتقل ہو گئی تھیں۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہامیں سمجھتی تھی کہ میرے شوہر کے گھر سے ہی میری میت اٹھے گی اور اگر میرے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی تو میرے بچے میرا بدلہ لیں گے، لیکن اس کے باوجود انہوں نے مجھے طلاق دے دی۔
اداکارہ نے اعتراف کیا کہ طلاق کے بعد وہ شدید مایوسی اور دلبرداشتگی کا شکار ہو گئی تھیں۔انہوں نے سوچا کہ ایک کامیاب کیریئر کے باوجود وہ ایک اہم رشتہ نبھانے میں کیوں ناکام رہیں۔
زینب کا کہنا تھامیرے سابق شوہر کا خیال تھا کہ ہمارے درمیان مطابقت نہیں ہے۔ میں ان کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے یہ فیصلہ خود کیا، کیونکہ میں نے ان کے لیے سب کچھ کیا تھا۔ اسی لیے مجھے آج کسی قسم کا کوئی پچھتاوا نہیں۔
واضح رہے کہ زینب قیوم پاکستان کی فیشن انڈسٹری کی صفِ اول کی ماڈلز میں شمار ہوتی رہی ہیں، اور بعد ازاں انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں پختہ کردار ادا کیے۔