عمران خان سےملاقات نہ کر انےپر:عدالت نےجیل سپرنٹنڈنٹ کوطلب کرلیا

0
2

بانی تحریک انصاف عمران خان سےملاقات نہ کرانےپرتوہین عدالت کی درخواست پرعدالت نےاڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کوطلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔بانی پی ٹی آئی کےوکیل ایڈووکیٹ فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا۔
عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو کل 10بجے طلب کر لیا۔
وکیل فیصل چودھری نےکہاکہ پہلے اسی عدالت سے آرڈر ہو چکے ہیں ، جیل رولز کے مطابق عدالت نے آرڈر جاری کئے تھے ۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نےاستفسارکیاکہ اب کیا صورتحال ہے ۔
وکیل فیصل چودھری کاجواب میں کہناتھاکہ پارٹی کے سیاسی رہنماؤں سے میٹنگ پھر کینسل کردی گئی ہیں ، ہم بار بار اس عدالت کو تکلیف دیتے ہیں لیکن مجبوراًہمیں یہاں آنا پڑتا ہے ، اسی عدالت نے 3وکلاء پر مشتمل کمیشن بھی قائم کیا تھا لیکن عمل درآمد نہیں ہو رہا ،پارٹی رہنماؤں شبلی فراز ، عمر ایوب اور اسد قیصر کو نہیں ملنے دیا گیا ۔
عدالت نےاستفسارکیاکہ درخواست گزار اب کسی کیس میں سزا یافتہ تو نہیں ۔
وکیل فیصل چودھری نےکہاکہ نہیں درخواست گزار کسی کیس میں اب سزا یافتہ نہیں، انڈر ٹرائل قیدی ہے ۔
اسٹیٹ کونسل روسٹرم پرطلب:
عدالت نےاسٹیٹ کونسل سےاستفسارکیاکہ کیا وجہ ہے بار بار ایسا ہوتا ہے۔ہمارے آرڈر کے باوجود اگر پٹیشن آتی ہے تو ہم نے لکھا تھا اسٹیٹ پر جرمانہ عائد ہوگا ۔
اسٹیٹ کونسل نےکہاکہ ہم جیل حکام سے پوچھ لیتے ہیں جو بھی صورتحال ہے ،سپرنٹنڈنٹ جیل ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ کیوں ملاقات نہیں کروائی جاتی ۔
عدالت نےاسٹیٹ کونسل کوہدایت کی کہ آپ اس درخواست کو دیکھیں ، کل جیل سپرنٹنڈنٹ کو کہیں پیش ہوں۔
وکیل فیصل چودھری نےاستدعاکی کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

Leave a reply