والڈ سٹی کا گائیڈ ڈ ٹور: سیاحوں کی لاہور کی پرانی حویلیوں کی سیر

0
57

سیاحت کے فروغ کیلئے والڈ سٹی کا گائیڈ ڈ ٹور، سیاحوں کو پرانی حویلیوں کی سیر کرائی گئی۔
والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی جانب سے اندرون لاہور کی پرانی حویلیوں کے گائیڈڈ ٹور کا اہتمام کیاگیا۔ اس دورے میں سیاحوں کو شہر کی مشہور حویلیوں کے تعمیراتی عجائبات اور ثقافتی ورثے کو دریافت کرنے کا ایک نادر موقع فراہم ہوا۔اس گائیڈڈ ٹور میں 100 کے قریب سیاحوں نے شرکت کی اور لاہور کی تاریخ اور پرانے فن تعمیر کے ساتھ سیر کا لطف اٹھایا۔
یہ گائیڈڈ ٹور تاریخ سے محبت کرنیوالوں، فن تعمیر کے شائقین اور مستند ثقافتی تجربے کے متلاشی سیاحوں کیلئے خصوصی طور پرڈیزائن کیا گیا ۔اس ٹور میں منتخب کردہ حویلیوں میں سے ہر ایک اپنی منفرد تاریخ اور دلکشی رکھتی ہے۔ سیاحوں کو مبارک حویلی،حویلی واجد علی شاہ، نوری بلڈنگ اور حویلی نو نہال سنگھ جیسی تاریخی حویلیوں کی سیر کا موقع ملا۔
جو مغلیہ اور سکھ دور کے فن تعمیر کی شاندار مثالیں ہیں۔ سیاحوں کو نقش آرٹ سکول جانے کا موقع بھی ملا، جو روایتی فنون اور دستکاری کو محفوظ کرنے کا مرکز ہے ، جبکہ سیاح فقیر خانہ میوزیم کے خصوصی دورے سے بھی خوب لطف اندوز ہوئے، جہاں تاریخی نوادرات اور پینٹنگز موجود ہیں۔
ٹور میں شامل دیگر حویلیوں میں حویلی اویس میر، حویلی بارود خانہ اور رنگیلا رکشہ کی دلچسپ سواری شامل بھی تھی۔قدیم حویلیوں کے اس ٹور کے متعلق بات کرتے ہوئے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ اندرون لاہور کی حویلیاں شہر کے بھرپور ثقافتی اور تعمیراتی ورثے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ان کامزید کہناتھاکہ اس گائیڈڈ ٹور کے ذریعے، ہمارا مقصد ان تاریخی خزانوں میں عام عوام کی دلچسپی کو بحال کرنا ہے اور سیاحوں کو ماضی کی شان و شوکت کا مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

Leave a reply