آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیرنےکہاہےکہ وطن عزیزکی حرمت اوردفاع ہمارےلئےمقدم ہے، اور ارض پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک افواج پرعزم اور مستعدہیں۔ اقوام عالم کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے ۔
یوم دفاع پراپنےپیغام میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرکاکہناتھاکہ 6ستمبر کا دن ہماری قومی و عسکری تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ آج کے دن ہماری بری، بحر ی اور فضائی افواج نے قوم کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیے تھے،جنگ ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یکجہتی کا جو عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا وہ ہماری مسلح افواج اور قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہے ،قومی اتحاد و یکجہتی کے اسی جذبے سے سرشار ہو کر پاک افواج ارضِ ِپاک کی سرحدوں کی نگہبانی کا فریضہ انجام دے رہی ہیں ، ہماری مسلح افواج نے معرکہ ستمبر میں جس بے مثال جرأت و بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا ، وہ نہ صرف تاریخ کے ابواب میں سنہری حروف سے رقم ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔
شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نےقرآن مجید میں سورۃ البقرہ آیت154 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’’ ارشاد باری تعالیٰ ہے ترجمہ : (اورجو اللہ کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے۔‘‘) یہ آیت شہداکے بلند درجات اور ان پر اللہ کے فضل کی عکاسی کرتی ہے، آج کے دن ہم پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ہمارے شہدا ہمارے لئے مقدم ہیں اور ہم اپنے شہدااور انکے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں اور دیتے رہیں گے۔
سپہ سالارکامزیدکہناتھاکہ پاک فوج کا نصب العین ایمان ،تقویٰ اورجہاد فی سبیل اللہ نہ صرف ہمارا طرۂ امتیاز ہے بلکہ دشمنوں کے عزائم سے نمٹنے کے لئے ہمارا سب سے بڑا ہتھیا ر بھی ہے،پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، ہما را ہر افسر اور سپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے، جس جرأت اور جوان مردی کے ساتھ پاک افواج اورعوام نے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں دنیابھر میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔دہشت گردی کے عفریت کو جس بہادری اور جوانمردی سے ہماری افواج نے قابو کیا ہے وہ کامیابی کسی اور ملک کی فوج کو نہیں مل سکی۔ آج اس سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان عدم استحکام کا شکار ہونے سے محفوظ ہے۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی اور 5thجنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آرہے ہیں، روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ہے۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ ملی یکجہتی کے ساتھ پرعزم رہتے ہوئے ہم ڈیجیٹل دہشت گردی کے خطرے کا بھی بخوبی مقابلہ کر رہے ہیں۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کا عزم نا قابلِ تسخیر ہے۔
سپہ سالارنےاس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارے پر امن اور محفوظ پاکستان کے عزم کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا ہم اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں، پر امن بقائے باہمی کی خواہش کے باوجود ہم وطن عزیز کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیاراور چوکس ہیں،وطن عزیز کی حرمت اور دفاع ہمارے لئے مقدم ہے اور ارض پاک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پاک افواج پرعزم اور مستعدہیں۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عمل پیرا ہونا لازم وملزوم ہے، بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی پامالی کے باوجود کشمیر ی بھائیوں کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے، پاکستان فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتا رہے گا، غزہ میں اسرائیلی جارحیت عالمی ضمیر پر ایک سیاہ دھبہ ہے۔
آرمی چیف نے اپنے پیغام میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور خوشحالی کا عزم کے ساتھ اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم متحد رہیں گے۔ اختلافات کو بھلاکر مثالی یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کر یں گے،جب تک ہم متحد رہیں گے دنیا کی کو ئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا ۔
بشریٰ بی بی کوعدالت سےبڑاریلیف مل گیا
دسمبر 21, 2024سندھ حکومت کاملازمین کیلئے احسن اقدام
دسمبر 21, 2024
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔