ہرعالمی بحران میں چین کاکردارناقابل فراموش ہے،وزیراعلیٰ مریم نواز

0
37

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنےکہاہےکہ ہرعالمی بحران میں چین کاکردارناقابل فراموش ہے،چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے۔ پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہے۔چین سب کے لیے بہتر اور مساوی دنیا کی تعمیر کے علمبردار کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنےعوامی جمہوریہ چین کے75ویں قومی دن کی تقریب میں شرکیت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازنےچینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کی اورچین کے قومی دن پر مبارکباد دی ۔
وزیراعلیٰ مریم نوازکاکہناتھاکہ چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سےمبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخرہے۔ چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے۔ پاور کوریڈور سے لے کر عام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کرلیا ہے۔
مریم نوازکامزیدکہناتھاکہ چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیر متزلزل عزم میں مضمر ہے۔ ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے۔ چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیر متزلزل اعتماد کا ہے ۔ پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہے۔برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کے ساتھ مناتے ہیں، چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں۔ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، دونوں ممالک خوشحالی اور پر امن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
گفتگوکوجاری رکھتےہوئےاُن کاکہناتھاکہ دعا ہے کہ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی رہے۔ چین نے قابل ذکر معاشی تبدیلی لاکر کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکالا،ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور انڈسٹری کے شعبے میں چین دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے۔ ہر عالمی بحران میں چین کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ کویڈ جیسی وبائی بیماری ہو یا قدرتی آفات ،چین نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ضرورت مند ممالک کے لیے وسائل مہیا کئے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن کے طور پر چین نے مستقل طور پر امن و ترقی کو فروع دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کامزیدکہناتھاکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگ مستفید ہورہے ہیں ۔ چین ایک ایسے رہنما کے طور پر ابھرا ہے جس کا وژن سرحدوں سے ماورا ہے، چین سب کے لیے بہتر اور مساوی دنیا کی تعمیر کے علمبردار کے طور پر ابھر رہا ہے۔پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں جیسی گہری اور پہاڑوں جیسی مضبوط ہے۔ پاک چین دوستی کا بانڈ محض اسٹریٹجک مفادات پر مبنی نہیں ، یہ دل اور روح کارشتہ ہے،پاک چین تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور ایک دوسرے کی خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔ محمد نواز شریف نے پاک چین دوستی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد قرار دیا۔محمدنوازشریف چینی عوام کےساتھ برادرانہ دوستی کوقدرکی نگاہ سےدیکھتےہیں۔
مریم نوازکاکہناتھاکہ ہر عالمی فورم پر چین ایک سچے اور وفادار دوست کے طور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ معاشی مدد ہو، سفارتی حمایت ہو یا بحران کے وقت مدد، چین نے ہمیشہ حقیقی معنوں بھائی ثابت کیا ہے۔ ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک اہم ترین ثبوت چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور (CPEC) ہے۔سی پیک محض ایک منصوبہ نہیں ۔ دو قوموں کے لیے امید، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔ چین بیلٹ اینڈ روڈ انیشییٹو کے ذریعے اقتصادی ترقی تک رسائی کا قابل قدر اقدام سر انجام دے رہا ہے ۔سی پیک پاکستان کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کر رہا ہے، مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ پنجاب مثبت معاشی تبدیلی میں سب سے آگے ہے۔مضبوط صنعتی بنیاد اور متحرک افرادی قوت کے ساتھ، پنجاب چینی سرمایہ کاری کے لیے منفرد مقام رکھتا ہے۔
اپنی گفتگومیں اُن کاکہناتھاکہ چین سے شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاروں کےلئے خصوصی پیکج دے رہی ہے،
پنجاب کو چینی کاروبار کے لیے ایک پسندیدہ مقام بنانے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
چین کے قونصل جنرل ژاو شریں نے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ژاو شریں کاکہناتھاکہ نواز شریف آئی ٹی سٹی ،کینسر ہسپتال، ائیر ایمبولینس، اپنی چھت… اپنا گھر پروگرام کا خصوصی ذکر سولر پینل پروگرام سے عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا ۔ حکومت پنجاب عوام کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔ یہ میرا نہیں ہمارا دن ہے۔
چینی قونصل جنرل ژاو شریں نے پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔
تقریب میں مہمانوں کی شرکت پاک چین تعلقات کے استحکام کی دلیل ہے۔ تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔تقریب میں چینی فنکاروں نے روایتی چینی ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ، چینی قونصل جنرل اور دیگر نے ملکر عوامی جمہوریہ چین کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔
تقریب میں چینی موسیقی، دھرتی سے محبت کے گیت اور ڈریگن شو بھی پیش کئے گئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیاسینئروزیرپنجاب مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

Leave a reply