
امریکی سفارتخانےنے پاکستان میں تعینات امریکی شہریوں اور سفارتی عملے کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے مذہبی جلوسوں کے پیش نظر صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور، قونصلیٹ جنرل کراچی اورامریکی قونصلیٹ جنرل پشاوربھی اپنے اپنے علاقوں میں متوقع بڑے مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔سیکیورٹی ہدایات کے تحت 10 مارچ کو دوپہر 12 بجے سے تمام امریکی سفارتی عملے کی نقل و حرکت محدود کر دی جائے گی۔ اس دوران امریکی عملے کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سیکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سفارتخانے نے پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ ہجوم والی جگہوں سے دور رہیں، مقامی حالات سے باخبر رہیں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
امریکی سفارتخانے نے مزید معلومات اور تازہ ترین ہدایات کے لیے اپنی ویب سائٹ پر جاری سیکیورٹی الرٹ دیکھنے کی ہدایت بھی کی۔















