قومی ٹیم کےسابق کپتان سرفرازاحمدکاانٹرنیشنل کرکٹ سےریٹائرمنٹ کااعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان سرفرازاحمدنےانٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینےکااعلان کردیا۔
تفصیلات کےمطابق سرفراز احمد نے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہےوہ ٹی 20 کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرڈ ہوچکے تھےسرفراز احمد اس وقت ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں،سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا فاتح قرار پایا تھا۔
انہوں نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 232 بین الاقوامی میچز کھیلے۔ سرفراز احمد نے 54 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔انہوں نے 117 ایک روزہ میچز کھیلے۔وہ 61 ٹی 20 میچوں کا حصہ رہے۔
سرفراز احمد نے مجموعی طور پر 100 انٹرنیشنل میچز میں قومی ٹیم کی کپتانی کی۔ ان کی قیادت کا سب سے یادگار لمحہ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد نےچیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی ۔
محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کے لئے سرفراز احمد کی گراں قدر خدمات کو سراہا ،چیئرمین پی سی بی نے سرفراز احمد کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر اعزازی شیلڈ دی۔اس موقع پر محسن نقوی نے سرفراز احمد کے مسقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کاکہناتھاکہ آپ نے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے ۔ آپ نے پاکستان کرکٹ کو کامیابیوں سے سرفراز کیا ہے۔پاکستان کرکٹ ہمیشہ آپ کے احسانات کی مقروض رہے گی۔پاکستان کرکٹ آپ کے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ جاری رکھے گی۔















